کلیۃ عائشہ صدیقہ جھنڈانگر کی شاخ "فاطمۃ الزہراء للبنات" میں حفظِ قرآن کورس کا آغازافتتاحی تقریب میں جید علمائے کرام کا بصیرت افروز خطاب، علمی و روحانی انقلاب کی نوید
کپلوستو، نیپال: آج بروز پیر کلیۃ فاطمۃ الزہراء للبنات چندروٹا میں ایک پرنور اور روح پرور افتتاحی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس کی صدارت ادارے کے صدر عالی وقار شیخ شمیم احمد ندوی حفظہ اللہ نے فرمائی۔ اس مبارک موقع پر ادارے میں طالبات کے لیے حفظِ قرآن کریم کورس کے باضابطہ آغاز کا اعلان کیا گیا۔ تقریب میں ملک کی مقتدر علمی و دینی شخصیات شریک ہوئیں اور پُراثر تاثرات سے ماحول کو ایمان و یقین کی روشنی سے منور کیا۔
صدر ادارہ شیخ شمیم احمد ندوی حفظہ اللہ نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا:
"یہ ادارہ صرف بچیوں کی تعلیم کا مرکز نہیں بلکہ ان کے لیے ایک نورانی مستقبل کی بنیاد ہے۔ حفظِ قرآن کا آغاز محض ایک تعلیمی قدم نہیں، بلکہ ملت کی بیٹیوں کو وحی الٰہی سے جوڑنے کی مبارک تحریک ہے، جس سے نسلیں منور ہوں گی۔"
کلیۃ عائشہ صدیقہ جھنڈانگر کے صدرِ اعلیٰ ڈاکٹر منظور احمد خان علیگ نے فرمایا:
"ہماری بیٹیاں حافظۂ قرآن بن کر اس معاشرے میں دینی روشنی کی علمبردار بنیں گی، یہی ہمارے ادارے کا خواب اور نصب العین ہے۔"
شیخ الجامعہ جامعہ سراج العلوم السلفیہ، شیخ عبدالرشید مدنی نے فرمایا:
"قرآن کی خدمت انبیاء کا ورثہ ہے۔ بچیوں کے ذریعے اس عظیم مشن کا آغاز امت کے لیے فخر و مسرت کا باعث ہے۔"
جامعہ سراج العلوم کے معزز استاذ ڈاکٹر عبدالغنی القُوفی نے کہا:
"قرآن کا حفظ دلوں میں نور، کردار میں پاکیزگی اور زندگی میں استقامت عطا کرتا ہے۔ یہ قدم وقت کی عظیم ضرورت ہے، ایک انقلابی پیش رفت ہے، ملک میں بچیوں کے لیے تحفیظ کا شعبہ خال خال ہی پایا جاتا ہے، قوم کی بچیوں کے لیے یہ ایک عظیم تحفہ ہے۔"
شیخ الحدیث، شیخ خورشید احمد السلفی نے اپنے خطاب میں فرمایا:
"جو قومیں اپنی بچیوں کو قرآن کا وارث بناتی ہیں، وہ زوال کی نہیں بلکہ عروج کی طرف بڑھتی ہیں۔"
I Plus TV ممبئی کے ڈائریکٹر شیخ زید پٹیل نے فرمایا:
"میڈیا کی دنیا میں قرآن کی روشنی کو عام کرنا ہماری ذمہ داری ہے، اور ایسے ادارے اس مشن کے ستون ہیں۔"
راشٹریہ مدرسہ سنگھ نیپال کے جنرل سیکریٹری اور جامعہ سراج العلوم کے ترجمان مولانا مشہود خاں نیپالی نے فرمایا:
"یہ ادارہ بچیوں کے لیے قرآن کی روشنی لے کر آیا ہے۔ ہم اس علمی تحریک کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔"
ادارے کے معزز استاذ شیخ الحدیث مجیب الرحمن مدنی نے ادارے کا جامع تعارف پیش کرتے ہوئے فرمایا:
"کلیۃ فاطمۃ الزہراء کا مشن صرف تعلیم نہیں، بلکہ تربیت اور تزکیہ ہے، اور حفظِ قرآن اسی مشن کی ایک مقدس کڑی ہے۔"۔
ادارے کے معروف استاذ شیخ، تاج الدین السراجی نے مختصر مگر بلیغ کلمات میں فرمایا:
"یہ قدم روشن مستقبل کی بنیاد ہے، ہم اس کارِ خیر میں ادارے کے ساتھ ہیں۔"
پروگرام کی نظامت کا فریضہ مولانا خالد رشید سراجی استاد جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر نیپال نے انجام دیا۔
تقریب کے اختتام پر صدر ادارہ حضرت مولانا شمیم احمد ندوی حفظہ اللہ نے تمام مہمانانِ کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا:
"ہمیں یقین ہے کہ یہ ادارہ مستقبل قریب میں ایسی حافظاتِ قرآن تیار کرے گا جو علم، عمل اور دعوت کا حسین امتزاج ہوں گی۔"۔